بھوپال :14:مئی :(پریس ریلیز) آپ اپنی آواز کا خاص خیال رکھیں ، ہر ایسی چیز سے بچیں جن سے آواز میں خرابی اورخلل پیدا ہو ، آپکی اذان محض ایک اذان نہیں بلکہ اسلام کی ایک مکمل دعوت ہے اسی اذان کو سن کر دنیا کے کئی لوگوں نے اسلام قبول کیا ہے۔مذکورہ بالاخیالات کااظہار مفتی فیاض عالم جامعی نے حاضرین کے سامنے کیا، ساتھ ہی قرآن و احادیث اور سیرت طیبہ کی روشنی میں اذان اور مؤذنین کے فضائل و مناقب پر روشنی ڈالی،وہیں اذان کمپٹیشن کمیٹی کے ایک دوسرے ذمہ دار مولانا محمد انور ندوی نے بھی اپنے مختصر سے خطاب میں اس پروگرام کی غرض و غایت پر تفصیلی روشنی ڈالی کہ کس طرح ہماری اذانیں درست ہو جائیں اور اسلام کے اس عظیم الشان شعار کے وقار کو بڑھایا جائے اور اس کی عظمت و اہمیت اور افادیت کو عوام و خاص اور ہم وطن بھائی بہنوں کے دلوں میں بٹھایا جائے۔ بطور مثال ایک واقعہ سنایا کہ فلمی دنیا کی ایک غیر مسلم اداکارہ جو شہر بھوپال میں اپنے کسی پروگرام کے لیے آج سے چند سال قبل آئیں تھیں ان سے جب میڈیا کے لوگوں نے سوال کیا کہ آپ کو بھوپال کی سب سے اچھی چیز کیا لگی۔ تو انہوں نے اس کے جواب میں کہا تھا کہ شام کے وقت جب میں اپنے ہوٹل کی بالکنی میں تھکی ماری آکر بیٹھتی تھی اور سورج غروب ہو رہا تھا تواس وقت مختلف مساجد سے جو رس گھولتی اذان کی آواز کانوں میں پڑتی تھی تو اس سے قلب و دماغ کو سکون ملتا تھا۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی اذان کو مزید درست کریں اور اور خوش الحانی سے اذان دیں جو دوسروں کی ہداہت کا سامان بن جائے۔
الحَمْدُ ِلله گزشتہ ہفتہ کی طرح اس ہفتے بھی بروز اتوارمسجد فیض بہادر کملا پارک میں ” قاضی شہر بھوپال “ مولانا سید مشتاق علی ندوی کی سرپرستی میں اذان کمپٹیشن میں شرکت کرنےوالے مساہمین اور مؤذنین کرام کے مابین عملی مشق اور اصلاح و تصحیح اذان کا ورکشاپ منعقد ہوا ۔
جس میں تقریباً گزشتہ ہفتہ کے بالمقابل مزید مساہمین اور مؤذنین کرام نے حصہ لیا۔مشق کرانے اور مزید اذان کے نوک پلک کو سنوارنے اور اذان کے کلمات میں اغلاط کی تصحیح کرانے کا اہتمام کیا گیا۔
گزشتہ ہفتہ کی طرح اس ہفتے بھی بطور ٹرینر جناب قاری محمد صاحب( استاد القراء جامعہ اسلامیہ عربیہ مسجد ترجمہ والی بھوپال) شریک رہےاور مؤذنین کو مشق کراتے رہے۔مجلس بڑی کامیاب رہی اور آئندہ ہفتے بروز اتوار وقت صبح 9:30 سے 12 بجے تک حاضرین و مساہمین نے مزید شرکت کرنے کا وعدہ کیا اور اب تک جن مساجد کے مؤذنین نے اس اہم پروگرام میں شرکت نہیں کی ہے ، انھیں بھی مدعو کرنے اور اس کمپٹیشن میں موٹی ویٹ کرنے اور ذہن سازی کرکے لانے کا وعدہ کیا۔
ایم پی مسلم مائنوریٹیز اے سو سی ایشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس اہم پروگرام کے منتظم مفتی محمد فیاض عالم جامعی،مولانا محمد انور ندوی اور قاری احمد علی جامعی نے تمام ساتھیوں کی شرکت پر انکی حوصلہ افزائی فرمائی ۔
مذکورہ بالا پروگرام کا سیمی فائنل راؤنڈ ان شاء اللہ بروز اتوار بوقت صبح 9 بجے تا 12 بجے دوپہر بتاریخ 2 جون 2024 اسی مذکورہ مسجد میں منعقد ہوگا۔
اور ان شاء اللہ اس پروگرام کا فائنل راؤنڈ 8 جون 2024 کو موتی مسجد بغیہ میں منعقد ہوگا۔ اللہ سے دعا ہے کہ اس پروگرام کو اللہ پاک شرف قبولیت سے نوازے اور تنظیم کے ذمہ داران کے منصوبہ کو اور انکی فکر کو کامیاب بنائے۔ آمین ثم آمین۔