روم، 14 مئی (یو این آئی) روہن بوپنا اور میتھیو ایبڈن کی ڈبلز جوڑی نے اٹالین اوپن 2024 میں اپنی مہم کا شاندار آغاز کرتے ہوئے میٹیو آرنلڈی اور فرانسسکو پاسارو کی جوڑی کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔کلے کورٹ پر بوپنا اور ایبڈن کی جوڑی کی یہ پہلی جیت ہے۔ انہوں نے آرنلڈی اور پاسارو کی جوڑی کو 52 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 6-2، 6-2 سے شکست دی۔اگلے راؤنڈ میں بوپنا اور ایبڈن کی جوڑی کا سامنا سیمون بولیلی اور اینڈریا واوسوری کی جوڑی سے ہوگا۔بولیلی اور واوسوری نے کرسٹوفر یوبینکس اور جان پیئرس کی جوڑی کو 82 منٹ تک جاری رہنے والے دلچسپ مقابلے میں 7-6(4)، 6-3 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔