آستانہ (قزاقستان)، 14 مئی (یو این آئی) موجودہ عالمی چمپئن ہندوستانی خاتون باکسر نکہت زرین نے ایلورڈا کپ 2024 ٹورنامنٹ کے (52 کلوگرام) زمرے میں قزاقستان کی راکھیمبرڈی ژانسایا کو 5-0 سے شکست دے کر اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا۔اس کے ساتھ ہی میناکشی (48 کلوگرام) نے بھی پیر کو قزاقستان کی گیسمووا روکسانا پر 4-1 سے جیت کے ساتھ اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ ایک اور مقابلے میں، انامیکا نے 50 کلوگرام زمرے کے مقابلے کے پہلے راؤنڈ میں ریفری اسٹاپ دی کانٹیسٹ (آرایس سی) کی جیت کے ساتھ زمابائوا اریلیم کو شکست دی۔دریں اثنا، اشمیت سنگھ (75 کلوگرام) اور سونیا (54 کلوگرام) زمرے میں بالترتیب قزاقستان کے ارمانولی آرمٹ اور چین کے چانگ یوان کے خلاف 0-5 سے ہارنے کے بعد باہر ہو گئے۔چھ بار کے ایشیائی چیمپئن شیو تھاپا (63.5 کلوگرام)، سنجے (80 کلوگرام) اور گورو چوہان (92 پلس) تین دیگر ہندوستانی باکسروں کے ساتھ منگل کو مقابلہ کریں گے۔انڈین باکسنگ فیڈریشن نے اس باوقار ٹورنامنٹ کے لیے 21 رکنی ٹیم بھیجی ہے۔ ٹورنامنٹ میں قزاقستان، چین، ہندوستان، جاپان اور ازبکستان جیسے مضبوط باکسنگ ممالک کے باکسرز حصہ لے رہے ہیں۔