ممبئی 7 جنوری (یو این آئی) ایلیس پیری نے کہا کہ ان کی خواہش 400 بین الاقوامی میچ کھیلنے کی ہے، وہ آج جب دوسرے ٹی20 کے لیے میدان میں اتریں گی تو یہ ان کا 300 واں بین الاقوامی میچ ہوگا۔ وہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں کھیلنے والی پہلی ایسی آسٹریلوی خاتون کھلاڑی ہیں جنہیں یہ مقام حاصل ہونے جارہا ہے۔آسٹریلوی آل راؤنڈر اب تک 299 انٹرنیشنل میچ کھیل چکی ہیں۔ وہ خواتین کرکٹ میں سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والی دنیا کی چوتھی کھلاڑی ہیں۔ سابق ہندوستان کپتان میتھالی راج 333 میچز کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہیں، انگلینڈ کی چارلٹ ایڈورڈز اور نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس 309 میچز کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ان کا اگلا ہدف اپنا 400 واں میچ کھیلنا ہے، پیری نے کہا، مجھے نہیں معلوم کہ آگے کیا ہونے والا ہے… لیکن میں کسی بھی صورت حال کے لیے تیار ہوں۔” میں نے اپنے کیریئر کے لیے کوئی حد مقرر نہیں کی ہے۔ لیکن ایک طرح سے دیکھا جائے تو یہ (400 واں میچ) صرف ایک عدد ہے۔ جب تک میں ٹیم میں حصہ ڈال سکتی ہوں اور جب تک میں اپنے کھیل سے لطف اندوز ہو رہی ہوں، میں کھیلتی رہوں گی۔وہ اب تک اپنے کیریئر میں 12 ٹیسٹ، 141 ون ڈے اور 146 ٹی ٹوئنٹی سمیت کل 299 میچز کھیل چکی ہیں۔ ٹیسٹ میں 925 رنز اور 38 وکٹیں، ون ڈے میں 3852 رنز اور 162 وکٹیں اور ٹی ٹوئنٹی میں 1774 رنز اور 123 وکٹیں ان کے نام ہیں۔