حیدرآباد13مئی: حیدر آباد پولیس نے آج حیدر آباد لوک سبھا سیٹ پر ووٹنگ کے درمیان بی جے پی امیدوار مادھوی لتا کے خلاف کئی دفعات میں معاملہ درج کیا ہے۔ دراصل مادھوی لتا کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ ایک بوتھ پر برقع نشیں کچھ مسلم خاتون ووٹرس سے ان کے چہرے کا نقاب ہٹانے کہہ رہی تھیں۔ ویڈیو میں وہ مسلم خواتین کو شناختی کارڈ اور اپنا چہرہ دکھانے کے لیے مجبور کرتی نظر آ رہی ہیں۔ اسی بدسلوکی کے الزام میں ان کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق حیدر آباد کے ملک پیٹ تھانہ میں مادھوی لتا کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 171 سی، 186، 505(1)
(سی) اور عوامی نمائندگی ایکٹ کی دفعہ 132 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حیدر آباد ضلع کلکٹر اور ضلع مجسٹریٹ انودیپ دُری شیٹی (جو حیدر آباد لوک سبھا حلقہ کے ریٹرننگ افسر بھی ہیں) نے کہا کہ مادھوی لتا کے خلاف معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔ مادھوی لتا کا سیدھا مقابلہ اے آئی ایم آئی ایم چیف اسدالدین اویسی سے ہے جو لگاتار پانچویں مرتبہ حیدر آباد سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ بہرحال، مسلم خواتین سے بدسلوکی کے الزامات پر حیدر آباد لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی امیدوار مادھوی لتا نے کہا کہ ’’90 فیصد بوتھوں پر گڑبڑی ہوئی ہے۔ پولیس خاتون کانسٹیبل کو ووٹر شناختی کارڈ کے ساتھ چہرے کی جانچ کرنے کی ہدایت نہیں دینا چاہتی ہے۔ جب میں نے پولیس افسر سے پوچھا تو انھوں نے کہا کہ یہ ان کی ذمہ داری نہیں ہے۔‘‘