پٹنہ13مئی:بہار کی پاٹلی پترا لوک سبھا سیٹ سے انڈیا اتحاد کی امیدوار اور لالو پرساد یادو کی بیٹی میسا بھارتی نے پیر کے روز اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کر دیا۔ اس دوران ان کے والد لالو پرساد اور ماں رابڑی دیوی بھی موجود تھیں۔ میسا بھارتی کے ذریعہ پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کے بعد ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے لالو پرساد یادو نے کہا کہ اس مرتبہ میسا بھارتی کا کثیر ووٹوں سے فتحیاب ہونا طے ہے۔ لالو یادو نے اپنی تقریر کے دوران عوام سے خصوصی اپیل کی کہ انڈیا اتحاد کو منتخب کرنا ہے اور پی ایم مودی کو ہرا کر اچھے ڈھنگ سے وداع کرنا ہے۔ لالو نے اس دوران پی ایم مودی کے پٹنہ دورہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اتوار کو پی ایم مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار روڈ مارچ کرنے آئے تھے۔ پٹنہ صاحب کے لوگ تو نہیں نکلے، لیکن یہ دونوں اپنا مارچ ہلک ہلک کے کرتے رہے اور آر جے ڈی پر حملہ کرتے رہے۔‘‘
لالو پرساد نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ’’مودی-نتیش کے حملہ سے ہم کو کچھ نہیں ہونے والا۔ اس بار نریندر مودی جانے والے ہیں، پکّا جا رہے ہیں، ان کو اچھے ڈھنگ سے وداع کرنا ہے۔ تیجسوی کی طبیعت خراب ہے، پھر بھی وہ آپ لوگوں کے درمیان روزانہ آ رہے ہیں۔ بہت حمایت مل رہی ہے۔ کارکنان کے اتحاد سے ہمارا حوصلہ بڑھ گیا ہے۔‘‘ پی ایم مودی پر حملہ جاری رکھتے ہوئے آر جے ڈی چیف نے کہا کہ وہ ریزرویشن اور آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں، لیکن انھیں معلوم نہیں کہ یہ بابا بھیم راؤ امبیڈکر کا بنایا ہوا آئین ہے۔ جان رہے یا جان جائے، ملک کے آئین کو مٹانے نہیں دیں گے۔