نئی دہلی :07جنوری: اگلے ہفتے سے افغانستان کے خلاف کھیلی جانے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لئے ہندوستانی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ دو دنوں سے اس بات پر کافی بحث ہو رہی تھی کہ سلیکٹرز روہت شرما اور ورٹ کوہلی کو ٹیم میں موقع دیں گے یا نہیں۔ ٹیم سلیکشن میں ان دونوں کے ناموں کا چرچا رہا اور جو ٹیم سامنے آئی ہے اس میں دونوں لیجنڈز کے نام موجود ہیں۔ اس کے ساتھ ہی سلیکٹرز نے واضح کر دیا ہے کہ روہت اور وراٹ ٹی 20 ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
ہندوستان اور افغانستان کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوینٹی سیریز اگلے ہفتے 11 تاریخ سے کھیلی جائے گی۔ اتوار 7 جنوری کو سلیکٹرز نے اس سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کیا۔ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران زخمی ہوگئے تھے اور اب تک صحت یاب نہیں ہوسکے ہیں۔ جبکہ سوریہ کمار یادو جنوبی افریقہ کے دورہ کے دوران زخمی ہوجانے کی وجہ سے سلیکشن کے لئے دستیاب نہیں تھے۔
آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ رواں سال جون میں منعقد ہونا ہے۔ اس سے پہلے یہ ہندوستانی ٹیم کے لئے آخری ٹی 20 سیریز ہونے جا رہی ہے۔ اس کے بعد انڈین پریمیئر لیگ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی سلیکٹرز کے لئے ٹیم کے انتخاب کا معیار بننے جا رہی ہے۔
ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما اور تجربہ کار بلے باز وراٹ کوہلی نے طویل عرصے سے ہندوستان کے لیے کوئی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا ہے۔ یہ دونوں تجربہ کار کھلاڑی سال 2022 کے آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کھیلنے اترے تھے۔
ہندوستانی ٹیم تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 11 جنوری کو موہالی میں افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔ دوسرا میچ اندور میں کھیلا جائے گا جبکہ اس سیریز کا آخری ٹی 20 میچ 17 جنوری کو بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستان اور افغانستان کے درمیان اب تک صرف 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے گئے ہیں۔ ان میں سے ٹیم انڈیا نے 4 میچ جیتے ہیں جبکہ ایک میچ نہیں کھیلا جا سکا ہے۔
روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، یشسوی جیسوال، وراٹ کوہلی، تلک ورما، رنکو سنگھ، جیتیش شرما (وکٹ کیپر)، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، شیوم دوبے، واشنگٹن سندر، اکشر پٹیل، روی بشنوئی، کلدیپ یادو، ارشد سنگھ ، آویش خان، مکیش کمار۔