نئی دہلی 13مئی: سی بی ایس ای بورڈ نے طے کردہ تاریخ سے قبل ہی دسویں اور بارہویں کا نتیجہ جاری کر دیا ہے۔ 13 مئی (پیر) کو بورڈ نے دونوں امتحانات کے ریزلٹ کا اعلان کر دیا۔ دسویں میں 93.60 فیصد طلبا و طالبات نے کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ بارہویں میں 87.98 فیصد طلبا و طالبات کامیاب ہوئے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ پاس فیصد کے معاملے میں دسویں اور بارہویں دونوں ہی درجہ میں تریویندرم ریجن کا ریزلٹ سب سے بہتر رہا۔ اس کے علاوہ جواہر نوودے ودیالیہ (جے این وی) اور کیندریہ ودیالیہ (کے وی) کے طلبا نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سی بی ایس ای دسویں بورڈ امتحان کی بات کی جائے تو جے این وی اور کے وی کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔
دونوں ہی اسکولوں کے 99.09 فیصد طلبا و طالبات نے کامیابی حاصل کی۔ انڈیپنڈنٹ (آزاد) طلبا کی کامیابی کا فیصد 94.54 رہا، جبکہ سی ٹی ایس اے کے 94.40 فیصد، سرکاری اسکولوں کے 86.72 فیصد اور سرکاری امداد یافتہ اسکولوں کے 83.95 فیصد طلبا و طالبات کو کامیابی ملی۔ سی بی ایس ای بارہویں بورڈ کے ریزلٹ پر نظر ڈالی جائے تو سی ٹی ایس اے کے سب سے زیادہ 99.23 فیصد طلبا و طالبات کو کامیابی ملی ہے۔ جے این وی اسکول کے 99.09 فیصد اور کے وی اسکول کے 98.81 فیصد طلبا و طالبات نے کامیابی حاصل کی ہے۔ دیگر کی بات کی جائے تو سرکاری امداد یافتہ اسکولوں کے 91.4 فیصد، سرکاری اسکولوں کے 88.23 فیصد اور انڈیپنڈنٹ امتحان دینے والے 87.70 فیصد طلبا و طالبات نے کامیابی کا پرچم لہرایا ہے۔