مظفر پور 13 مئی (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کے حوالے سے کانگریس اور انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (انڈیا الائنس) کے لیڈروں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جنہیں خواب میں پاکستان کا ایٹمی بم نظر آتاہے انہیں ملک کے لوگ حکومت چلانے کی ذمہ داری نہیں دے سکتے۔ مسٹر مودی نے پیر کو یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا، “آپ اپنے محلے میں ڈھیلا ڈھالا پولیس والا پسندکرتے ہیں، ڈھیلا ڈھالا استاد پسند کرتے ہیں، آپ کو مضبوط اساتذہ بھی چاہیے، آپ کو مضبوط پولیس والا بھی چاہیے۔ پھر ملک کا وزیر اعظم مضبوط ہونا چاہیے یا نہیں؟ ڈرپوک وزیراعظم ملک چلا سکتا ہے کیا؟ وزیراعظم نے مزید کہا، ’’آپ تصور کرسکتے ہیں کہ یہ (اپوزیشن) کے لوگ اتنے خوفزدہ کیوں ہیں ان کو رات میں خوابوں میں بھی پاکستان کا ایٹمی بم ںظر آتا ہے۔ اب ایسی پارٹیاں اورایسے لیڈر جن کو رات میں بھی سوتے سوتے پاکستان کا ایٹمی بم نظر آئے کیا ایسے لوگوں کو ملک دے سکتے ہیں۔ کانگریس لیڈروں کے انڈیا اتحاد کے لیڈران کے کیسے کیسے بیان آرہے ہیں۔ یہ کہتے ہیں کہ پاکستان نے چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہے۔ ارے بھائی، پہنا دیں گے۔ ان کو آٹا بھی چاہیے۔ ان کے پاس بجلی بھی نہیں ہے۔ ہم نہیں جانتے تھے کہ ان کے پاس چوڑیاں بھی نہیں ہیں۔