پٹنہ12مئی: بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں بی جے پی کے وزیر اعظم نریندر مودی کے روڈ شو کی خبروں کے درمیان اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے بی جے پی پر سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پی ایم یہاں آ رہے ہیں، وزیر داخلہ یہاں آ رہے ہیں، راج ناتھ سنگھ یہاں آ رہے ہیں، جے پی نڈا یہاں آ رہے ہیں، نتن گڈکری یہاں آ رہے ہیں، مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ یہاں آ رہے ہیں۔ بی جے پی کی انتخابی مہم کے لیے سبھی کو بہار لایا جا رہا ہے، جب کہ ہم اکیلے کھڑے ہیں۔ ہم نے تقریباً 140 عوامی جلسے کیے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم سب پر بھاری پڑ رہے ہیں۔ تیجسوی یادو نے کہا ہے کہ پی ایم مودی روڈ شو کر رہے ہیں جبکہ ہم نے جاب (ملازمت) شو کیا ہے۔ میں پی ایم سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ آپ اب تک 8-10 بار بہار آ چکے ہیں۔ کیا آپ نے لوگوں کو نہیں بتایا کہ آپ اگلے پانچ سالوں میں بہار کے لیے کیا کریں گے؟ وزیر اعظم بہار آنے کے باوجود بہار کے عوام سے کیا گیا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کر پائے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ خصوصی پیکیج دیں گے، بہار پر خصوصی توجہ دیں گے، خصوصی ریاست کا درجہ دیں گے، ان وعدوں کا کیا ہوا؟ 40 میں سے 39 ایم پی ان کی پارٹی سے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ 10 سالوں میں بہار کے لیے کیا کیا ہے؟ اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کے روڈ شو کا روٹ کئی بار تبدیل کیا جا رہا ہے۔ بھیڑ جمع نہیں ہو رہی۔ روڈ شو کے لیے تنگ راستے کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی کو گاؤں سے باہر کر دیا گیا ہے۔ بی جے پی والے ڈرے ہوئے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ وہ بہار ہار چکے ہیں۔ پی ایم مودی بہار کے لیے اپنی پلاننگ کے بارے میں بات نہیں کرتے ہیں۔ وہ صرف فرقہ واریت کرتے ہیں۔ بہار کے لوگ ان کے فریب کو سمجھ چکے ہیں۔ پی ایم مودی کے دورے کا یہاں کوئی اثر نہیں پڑے گا۔