نئی دہلی، 11 مئی (یو این آئی) دہلی کیپٹلس (ڈی سی) کے کپتان رشبھ پنت اتوار کو رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے خلاف انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں نہیں کھیلیں گے۔پنت پر سست رن ریٹ کی وجہ سے ایک میچ کی پابندی لگائی گئی ہے۔
یہ پابندی 7 مئی کو راجستھان رائلز کے خلاف میچ کے دوران اس وقت لگائی گئی تھی جب دہلی کی ٹیم مقررہ وقت میں اپنے 20 اوور مکمل نہیں کر سکی تھی۔آئی پی ایل کے قوانین کے مطابق ہر ٹیم کو 20 اوور مکمل کرنے کے لیے 85 منٹ کا وقت دیا جاتا ہے، جبکہ راجستھان کے خلاف دہلی نے 117.82 منٹ لیے تھے۔
اس کے علاوہ پنت پر 30 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔بی سی سی آئی کی ایک ریلیز کے مطابق دہلی کیپٹلز نے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل دائر کی تھی، لیکن بی سی سی آئی کے لوک پال نے ورچوئل سماعت کے بعد میچ ریفری کے فیصلے کو برقرار رکھا۔
آر سی بی کے خلاف دہلی کا یہ میچ بہت اہم ہے اور اگر وہ اپنے پلے آف کے امکانات کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں یہ میچ بڑے فرق سے جیتنا ہوگا۔