بی سی سی آئی ہیڈ کوچ کے لیے درخواست طلب کرے گا
ممبئی، 10 مئی (یو این آئی) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے درخواستیں طلب کرے گا۔بی سی سی سی آئی ماضی کی غلطیوں سے سبق لیتے ہوئے اس بار نئے ہیڈ کوچ کے لیے ٹی 20 ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل ہی درخواستیں طلب کرے گا۔ ٹی-20 ورلڈ کپ کے بعد راہل دراوڈ کی مدت کار ختم ہورہی ہے۔ اگر دراوڈ اپنی مدت کار میں توسیع چاہتے ہیں تو انہیں بھی درخواست دینی ہوگی۔بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے کہا کہ ہم اگلے چند دنوں میں درخواست جاری کر دیں گے۔ راہل دراوڈ کی میعاد جون میں ختم ہو رہی ہے۔ اگر وہ دوبارہ درخواست دینا چاہتے ہیں تو دے سکتے ہیں۔شاہ نے کہا، “ہم تین سال کی طویل مدت کار کے لئے کوچ کی تلاش میں ہیں۔ مختلف فارمیٹس کے لیے مختلف کوچز کا امکان بہت کم ہے۔
اگرچہ حتمی فیصلہ کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی (سی اے سی) کو کرنا ہے لیکن مجھے صرف اس فیصلے پر عمل درآمد کرنا ہے۔انہوں نے کہا، سلیکٹر کے عہدے کے لیے کچھ انٹرویوز پہلے ہی ہو چکے ہیں۔ حتمی نام کا فیصلہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹی-20 ورلڈ کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم دو مرحلوں میں روانہ ہوگی۔ آئی پی ایل 2024 سے باہر ہونے والی ٹیموں کے کھلاڑی 24 مئی کو ورلڈ کپ کے لیے روانہ ہوں گے جب کہ باقی ٹیم 26 مئی کو آئی پی ایل فائنل کے بعد امریکہ روانہ ہوگی۔ ہندوستان کا پہلا میچ 5 جون کو آئرلینڈ کے خلاف ہے۔ انہوں نے اس بات کوبھی مسترد کر دیا کہ پلے آف کی دوڑ سے باہر ہونے والی ٹیموں کے ہندوستانی کھلاڑیوں کو لیگ کے بقیہ میچوں سے آرام دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا، ’’اگر جسپریت بمراہ کو ٹریوس ہیڈ کے خلاف گیند بازی کرنے کا موقع مل رہا ہے تو اس سے بہتر پریکٹس کیا ہو سکتی ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ لکھنؤ سپر جائنٹس کے تیز گیند باز مینک یادو کو بی سی سی آئی نے تیز گیند بازی کا کنٹریکٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انجری کا شکار مینک اب بی سی سی آئی کی نگرانی میں ہوں گے اور این سی اے کی میڈیکل ٹیم ان کی دیکھ بھال کرے گی۔
اس کنٹریکٹ لسٹ میں آکاش دیپ، وجے کمار ویشک، عمران ملک، یش دیال اور ودوت کورپا بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کو انگلینڈ سے کہیں اور منتقل کرنے کے بارے میں بات کی ہے۔ تاہم جون کے سیزن میں ہونے والے ٹائٹل میچ کے لیے دوسرا مقام تلاش کرنا مشکل ہوگا۔ پہلے دو فائنل انگلینڈ میں کھیلے گئے تھے اور دونوں میں ہندوستان کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل میں امپیکٹ پلیئر رول مستقل نہیں ہے اور اگلے سیزن میں اس پر عمل درآمد ہوگا یا نہیں اس کا فیصلہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد فرنچائزز اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات کرنے کے بعد لیا جا سکتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ امپیکٹ پلیئر رول کو ہندوستانی کپتان روہت شرما سمیت کئی کھلاڑیوں اور کوچز نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ تقریباً سب کا ماننا ہے کہ اس سے آل راؤنڈرز کا کردار محدود ہو رہا ہے اور اضافی بلے باز کھیلنے سے کھیل کا توازن خراب ہو رہا ہے اور گیند باز اس کا شکار ہو رہے ہیں۔