سلہٹ، 09 مئی (یو این آئی) دیالن ہیملتا (37) اور اسمرتی مندھانا (33) کی اننگز اور پھر بولنگ میں رادھا یادو کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں جمعرات کو 21 رنز سے شکست دے کر سیریز 5-0 سے جیت لی۔ آج ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے والی ہندوستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کو 157 رنز کا ہدف دیا۔ ہندوستان نے پانچویں اوور میں شفالی ورما (14) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد آٹھویں اوور میں اسمرتی مندھانا 25 گیندوں میں 33 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ دیالن ہیملتا نے 28 گیندوں میں دو چوکے اور دو چھکے لگا کر سب سے زیادہ رنز (37) بنائے۔ ہرمپریت کور (30) اور ریچا گھوش 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
بنگلہ دیش کی جانب سے رابعہ خان اور ناہیدہ اختر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ سلطانہ خاتون نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔156 رنز کے جواب میں میزبان بنگلہ دیش ٹیم کے بلے بازوں کی مایوس کن کارکردگی رہی اور وہ ہندوستانی باؤلنگ کے سامنے کھل نہ کھیل سکے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر صرف 135 رنز بنا سکی اور 21 رنز سے میچ ہار گئی۔ بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ تیسرے اوور میں شوبنا مستاری (13) کی صورت میں گری۔ اگلے ہی اوور میں دلارا اختر (4) 4 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ روبایا حیدر (20)، نگار سلطانہ (7)، شورنا اختر (1) اور ریتو مونی (37) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ شریفہ خاتون (28) اور رابعہ خان (14) ناٹ آؤٹ رہیں۔ بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم کے لیے ریتو مونی اور شوریفی نے چھٹی وکٹ کے لیے سب سے زیادہ 57 رنز کی شراکت داری کی۔ ہندوستان کی جانب سے رادھا یادو نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں۔ سوبھانہ آشا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ تیتاس سادھو نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔