نئی دہلی 4مئی: ہندوستان میں لوک سبھا انتخاب کے دو مراحل ختم ہو چکے ہیں اور 5 مراحل کی ووٹنگ ابھی باقی ہے۔ الیکشن کمیشن کا دعویٰ ہے کہ وہ لوک سبھا انتخاب کو غیر جانبدارانہ اور شفاف بنانے کے لیے ہر قدم اٹھا رہی ہے، حالانکہ اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران کچھ مواقع پر الیکشن کمیشن کو کٹہرے میں کھڑے کرتے ہوئے بھی دکھائی دیے ہیں۔ اس درمیان 23 ممالک کے 75 نمائندے اس لوک سبھا انتخاب کو قریب سے دیکھنے کے لیے ہندوستان پہنچ چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے آج ایک پریس نوٹ جاری کیا ہے جس میں بتایا ہے کہ دنیا بھر کے 23 ممالک کے الیکشن مینجمنٹ باڈی (ای ایم بی) سے منسلک 75 نمائندے ہندوستان آئے ہیں۔ یہ لوگ انتخابی نظام کی باریکیوں کو دیکھیں گے اور اس سے متعلق جانکاری حاصل کریں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بھوٹان، منگولیا، آسٹریلیا، میڈاغاسکر، فجی، کرگز ریپبلک، روس، مولدووا، تیونیشیا، سیشلز، کمبوڈیا، نیپال، فلپینس، سری لنکا، زمبابوے، بنگلہ دیش، قزاقستان، جارجیا، چلی، ازبکستان، مالدیپ، پاپوا نیو گنی اور نامیبیا جیسے 23 ممالک کے مختلف ای ایم بی اور دیگر اداروں کی نمائندگی کرنے والے 75 نمائندے ہندوستان میں قدم رکھ چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ لوگ ایک تقریب میں حصہ لیں گے۔ اس میں دیگر ممالک سے آئے لوگوں کو ہندوستان کی انتخابی نظام سے متعلق باریکیوں کے ساتھ ساتھ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے ذریعہ استعمال کیے جانے والے بہترین طریقوں سے متعارف کرایا جاتا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ہندوستان پہنچے والے بین الاقوامی نمائندے چھ ریاستوں کا دورہ کریں گے جس کے لیے سبھی تیاریاں کی جا چکی ہیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہندوستانی الیکشن کمیشن موجودہ لوک سبھا انتخاب 2024 کے دوران انٹرنیشنل الیکشن وزیٹرس پروگرام (آئی ای وی پی) منعقد کر کے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا جاری رکھ رہا ہے۔
کمیشن نے یہ بھی کہا کہ یہ پروگرام 4 مئی سے شروع ہو رہا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار، الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو 5 مئی کو سبھی نمائندوں سے خطاب بھی کریں گے۔