جنجگیر چمپا 30 اپریل (یواین آئی) کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے منگل کو بھارتیہ جنتا پارٹی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید حملہ کیا۔مسٹر کھڑگے نے کانگریس امیدوار شیو کمار ڈاہریا کی حمایت میں جنجگیر چمپا کے بھالے راؤ میدان میں آج ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن ملک کو متحد رکھنے کا الیکشن ہے۔ یہ الیکشن ہمارے آئین کو بچانے اور جمہوریت کو بچانے کا الیکشن ہے۔مسٹر کھڑگے نے الزام لگایا کہ مسٹر مودی جھوٹ کے ماسٹر ہیں، وہ جھوٹ پر جھوٹ بولتے ہیں۔ وہ کبھی غریب کا ساتھ نہیں دیتے، صرف باتیں کرتے ہیں۔ بی جے پی والے غریبوں کی بات نہیں کرتے بلکہ اڈانی-امبانی کی آمدنی بڑھاتے ہیں۔ وہ صبح سے شام تک ہمیں اور کانگریس کو گالی دیتے ہیں۔ پارٹی لیڈر سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کو گالی دیتے ہیں۔ وہ کبھی کبھی مجھے بھی گالیاں دیتے ہیں۔
مسٹر کھڑگے نے کہا کہ مسٹر مودی اور ان کے چیلے بار بار 400 پار کا نعرہ دے رہے ہیں، لیکن یہ نعرہ غریبوں، پسماندہوں، قبائلیوں اور دلتوں کی بھلائی کا نہیں بلکہ تمام طبقات کے حقوق کو ختم کرنے کا ہے۔ ہر جگہ یہ کہہ رہے ہیں کہ اگر ہمیں اکثریت ملی تو ہم آئین بدل دیں گے۔
آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کو نشانہ بناتے ہوئے مسٹر کھڑگے نے کہا کہ وہ آئین کو تبدیل کرنے والے نہیں ہیں۔ ہم ریزرویشن ختم کرنے والے نہیں ہیں، یہ اسی طرح جاری رہے گا۔ سوال پوچھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آپ کہیں بھی آئین بدلنے کی بات نہ کرتے تو یہ معاملہ یہاں تک نہ پہنچتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے سبھی ممبران پارلیمنٹ، ایم ایل اے اور سادھو سنت آئین کو تبدیل کرنے کی بات کر رہے ہیں۔