پٹنہ6جنوری: بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کے مندر والے بیان سے گریراج سنگھ مشتعل ہو گئے ہیں۔ گریراج نے کہا کہ وہ صرف تشٹی کرن (خوشنودی کی سیاست) کر سکتے ہیں لیکن ملک اور ریاست کے مفاد میں کچھ نہیں کر سکتے۔ خیال رہے کہ تیجسوی یادو نے اپنے بیان میں کہا تھا، ’’بیمار پڑوگے تو استپال جاؤگے یا مندر!‘‘ گریراج سنگھ نے صحافیوں سے کہا، ’’یہ خوشنودی کی کی سیاست کرتے ہیں۔ خوشنودی کی سیاست کرتے کرتے وزیر اعظم مودی اور بی جے پی کو گالی دیتے ہیں۔ ہمیں ان کی نصیحت نہیں چاہئے۔ یہ صرف ابہام پیدا کر سکتے ہیں۔‘‘ سنگھ نے مزید کہا، ’’میں نے ان سے درخواست کی ہے کہ آپ بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت ہیں، تو آپ کیوں حج ہاؤس کو اسپتال بنا دیتے؟ بہترین سپر اسپیشلٹی اسپتال تیار ہوگا۔ تبلیغ کرنے سے بہتر ہے یہ کام کر ریں۔‘‘ گریراج سنگھ نے کہا، ’’میں تو جانتا ہوں کہ یہ کتنے روزگار دے رہے ہیں، کتنی افطار (پارٹی) کر رہے ہیں لیکن غریب ہندوؤں کو نہیں کھلائیں گے۔ یہ حج والوں سے نفرت نہیں کریں گے، ان کو کبھی تعلیم نہیں دیں گے۔ ہندو سے نفرت کریں گے۔ یہ لوگ وقت پڑے گا تو جناؤ دھاری ہو جائیں گے، نہیں تو ٹوپی دھاری رہیں گے۔‘‘ خیال رہے کہ دو روز قبل نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے مدھوبنی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیمار پڑیں گے تو اسپتال جاؤگے کہ مندر؟ بھوک لگے گی تو مندر جاؤگے؟ کھانا ملے گا؟ وہاں الٹے خیرات مانگ لیں گے۔‘