نئی دہلی، 24 اپریل (یو این آئی)کپتان رشبھ پنت اور اکشر پٹیل کی نصف سنچریوں کی مدد سے دہلی کیپٹلس نے آئی پی ایل کے 40ویں میچ میں گجرات ٹائٹنز کو 4 رنز سے شکست دی۔ ٹیم نے رواں سیزن میں چوتھا میچ جیتا ہے۔ اس جیت کے ساتھ دہلی 8 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر آ گئی ہے۔گجرات نے بدھ کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر گیند بازی کرنے کافیصلہ کیا۔ دہلی نے 20 اوور میں 4 وکٹ پر 224 رنز بنائے۔ جواب میں گجرات کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر صرف 220 رنز بنا سکی۔ راشد خان 21 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ڈیوڈ ملر (55 رنز) اور سائی سدرشن (65 رنز) نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ راسخ سلام نے 3 جبکہ کلدیپ یادو نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ڈی سی کے کپتان رشبھ پنت نے 43 گیندوں پر 88 رنز بنائے۔ انہوں نے 5 چوکے اور 8 چھکے لگائے۔ اس کے ساتھ ہی اکشر پٹیل نے 43 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے۔ دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے سنچری پارٹنرشپ ہوئی۔ گجرات کے سندیپ واریر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔قبل ازیں گجرات ٹائٹنز نے بدھ کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 40ویں میچ میں دہلی کیپٹلس کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔آج یہاں ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں گجرات ٹائٹنز کے کپتان شبھمن گل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ٹاس کے بعد گل نے کہا،یہ پچ بہت اچھی لگ رہی ہے۔ ہم نے آخری چند میچ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جیتے ہیں، اس لیے ہم یہاں بھی ایسا ہی کرنا چاہتے ہیں۔ کرکٹ میں اتار چڑھاؤ آئے ہیں۔ تاہم، ہم اچھی ذہنی حالت میں رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔ آج ہماری ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔دہلی کیپٹلس کے کپتان رشبھ پنت نے کہا کہ ہم پہلے بلے بازی کرنا چاہتے تھے۔ یہ وکٹ پچھلے میچ سے سست ہوگی۔ آج ہماری ٹیم میں دو تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ ڈیوڈ کی جگہ شائی ہوپ اور للت کی جگہ سمت کمار کو شامل کیا گیا ہے۔