لکھنو 24اپریل:مسلمانوں پر ہندو خواتین کے ’منگل سوتر‘ چھیننے والے پی ایم مودی کے بیان پر ملک بھر میں سخت ناراضگی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اسی تناظر میں سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کی اہلیہ اور مین پوری سے انڈیا اتحاد کی مشترکہ امیدوار ڈمپل یادو نے بی جے پی سے تلخ سوال کیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی سے پوچھا ہے کہ وہ بتائے کہ پلوامہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی بیویوں کے منگل سوتر کس نے چھینے، کیونکہ حکومت آج تک اس پر خاموش ہے۔ ڈمپل یادو اناؤ سے سماجوادی پارٹی امیدوار انو ٹنڈن کی پرچۂ نامزدگی کے پروگرام میں حصہ لینے پہنچی تھیں۔ اس موقع پر رام لیلا میدان میں منعقدہ ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی پر سخت نشانہ سادھا۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے نوجوانوں کی نوکریاں اور روزگار چھین لی ہے۔ آج پورا ملک جمہوریت کی لڑائی میں مصروف ہے۔ آج ای ڈی کے ذریعے ہر طبقے کو ڈرایا جا رہا ہے۔ تاجر ہوں یا لیڈر سب کو اس کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہو جانا چاہئے۔ پی ایم مودی کے نفرت انگیز بیان پر ڈمپل یادو نے کہا کہ آج پی ڈی اے یعنی پسماندہ، دلت، اقلیت، کسی بھی طبقے کو ان کا حق نہیں مل پا رہا ہے اور کچھ سرمایہ داروں کے پاس ہی پیسہ جا رہا ہے۔ ڈمپل یادو نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی و ریاستی حکومتوں نے عوام سے جو وعدے کیے تھے، ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا۔ بی جے پی روزگار اور نوکری کے معاملے میں صفر ہے۔