چنڈی گڑھ، 05 جنوری (یو این آئی) ہریانہ کے شہری بلدیاتی وزیر ڈاکٹر کمل گپتا نے کہا کہ کھیل سماج اور ملک میں اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب کوئی کھلاڑی کسی بھی کھیلوں کے مقابلے میں حصہ لیتا ہے تو اس کا مقصد فتح کے حصول کے ساتھ ساتھ اسپورٹس مین شپ، مقابلہ ، باہمی محبت اور بھائی چارے کو برقرار رکھنا ہوتا ہے۔شہری بلدیات کے وزیر جمعہ کو حصار میں 67 ویں نیشنل اسکول ہینڈ بال-19 (بوائز اینڈ گرلز) کھیلوں کے مقابلے 2023-24 کے افتتاح کے موقع پر کھلاڑیوں اور کھیلوں کے کوچز سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں حصہ لے کر کھلاڑی ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط بنتے ہیں۔ کھیلوں کے ہنر کی مناسب تربیت اور حوصلہ افزائی کی وجہ سے ہندوستان کو بہت سے بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے بھی بہتر مستقبل بنایا جا سکتا ہے۔ ریاست میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے حکومت نے دیہی اور شہری علاقوں میں کھیلوں کی نرسریاں قائم کی ہیں۔ حکومت کھلاڑیوں کو مختلف قسم کی سہولیات بھی فراہم کر رہی ہے تاکہ کھیلوں میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ڈاکٹر گپتا نے کہا کہ اگر کوئی کھلاڑی صحت مند دماغ اور صحت مند جسم کے ساتھ میدان میں اترے گا تو اس کی سوچ بھی صحت مند رہے گی اور وہ کھیلوں کے مقابلوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر گپتا نے تمام کھلاڑیوں کو شراب، منشیات اور دیگر نشہ آور اشیاء سے دور رہنے کا حلف دلایا۔ انہوں نے اپنے ذاتی فنڈز سے کھیلوں کے لیے 3 لاکھ 1 ہزار روپے کی رقم کا دینے کا اعلان کیا۔