نئی دہلی18اپریل:گزشتہ دنوں اسرائیل کے جس مال بردار جہاز پر ایران نے قبضہ کیا تھا، اس میں سوار 17 ہندوستانی کرو ممبرس میں سے ایک کی آج ہندوستان واپسی ہو گئی۔ مال بردار کشتی ایم ایس سی ایریز پر سوار ہندوستانی پائلٹ ٹیم میں شامل کیرالہ کے تریشور کی رہنے والی خاتون کیڈیٹ این ٹیسا جوزف جمعرات کو کوچین پہنچیں۔ بوقت دوپہر کوچین بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر ان کی بہ حفاظت واپسی ہوئی اور اس دوران خاتون کیڈیٹ کا استقبال مقامی پاسپورٹ افسر نے کیا۔ یہ جانکاری حکومت ہند کی وزارت خارجہ کے ذریعہ ویب سائٹ پر دی گئی ہے۔ وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر بتایا گیا ہے کہ تہران میں ہندوستانی مشن مال بردار جہاز ایم ایس سی ایریز کے باقی 16 ہندوستانی اہلکاروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ تہران میں ہندوستانی مشن ایم ایس سی ایریز کی پائلٹ ٹیم کے باقی اراکین کی خیریت کے لیے ایرانی افسران کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔ خاتون کیڈیٹ کی ہندوستان واپسی پر مرکزی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ کر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ایران میں ہندوستانی سفارت خانہ نے بہت اچھا کام کیا ہے۔ مجھے یہ جان کر خوشی ہو رہی ہے کہ این ٹیسا جوزف گھر لوٹ آئی ہیں۔
مودی کی گارنٹی ہر بار پوری کی جاتی ہے، پھر چاہے گھر ہو یا بیرون ملک۔‘‘