امپھال5جنوری:منی پور میں گزشتہ سال مئی میں جو تشدد شروع ہوا تھا، وہ اب تک کسی نہ کسی صورت میں جاری ہے۔ حالات پر قابو پانے کے لیے حکومت کی طرف سے اٹھائی جانے والی ہر کوشش ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ تازہ خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ نیو لمبولین میں 4 مکانات کو مبینہ طور پر نذرِ آتش کر دیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ چاروں مکانات ایک خاص طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور تشدد والے ماحول میں چاروں گھر کے افراد کسی دوسری جگہ چلے گئے تھے۔ یعنی جن گھروں میں آگ لگی یا لگائی گئی ہے وہ خالی پڑے ہوئےتھے۔ ایک افسر کا اس واقعہ کے تعلق سے بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ اس آگ کی خبر ملنے پر فائر بریگیڈ کی کم از کم تین گاڑیاں موقع پر پہنچی تھیں۔ حالانکہ مصدقہ طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ آگ خود لگی تھی یا کسی نے لگائی تھی۔ افسر کے مطابق آگ لگنے کے اسباب کا پتہ لگانے کے لیے جانچ کی جائے گی۔ انھوں نے اس بات کی تصدیق ضرور کی ہے کہ چاروں گھر ایک خاص طبقہ کے ہیں۔ گزشتہ سال 3 مئی کو پیدا ہوئے تشدد کے بعد سے ہی یہ خالی پڑے تھے۔ اس آتشزدگی واقعہ میں ملکیت کو نقصان تو پہنچا ہے، لیکن فی الحال کسی طرح کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے۔ اس درمیان مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ واقعہ علاقہ میں ماحول خراب کرنے کے مقصد سے انجام دیا گیا ہے۔