نئی دہلی 16اپریل:آگ لگنے کے واقعات یوں تو ہوتے ہی رہتے ہیں مگر جب حکومت کے دفاتر میں آگ لگنے لگے تو معاملہ کچھ زیادہ ہی سنگین ہو جاتا ہے۔ آتش زدگی کا ایسا ہی ایک واقعہ دہلی میں مرکزی وزارت داخلہ کے دفتر میں پیش آیا ہے۔ اس حادثے میں کسی شخص کے متاثر ہونے کی تو کوئی خبر نہیں ہے البتہ زیروکس مشین، کمپیوٹر و دیگر دستاویزات ضرور جل گئے۔ اے بی پی نیوز پورٹل کی خبر کے مطابق آتش زدگی کا یہ واقعہ منگل (16 اپریل) کی صبح مرکزی سکریٹریٹ کے نارتھ بلاک میں واقع وزارت داخلہ (ایم ایچ اے) کے دفتر کی دوسری منزل پر پیش آیا، جس سے دفتر میں کہرام مچ گیا۔ آگ کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔ اس آتش زدگی کی اطلاع دیتے ہوئے فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق دہلی فائر سروس (ڈی ایف ایس) کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی سات گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور صبح 9:35 بجے تک آگ پر قابو پا لیا گیا۔ ڈی ایف ایس کے مطابق وزارت داخلہ کے دفتر کے آئی سی ڈویژن میں دوسری منزل پر صبح تقریباً 9.20 بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی، جس کے بعد فائر فائٹرز نے 9.35 بجے تک آگ پر قابو پا لیا۔ ’مِرر ناؤ‘ کی رپورٹ کے مطابق آگ اے سی یونٹ سے لگی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس واقعے میں اے سی، زیروکس مشین، کچھ کمپیوٹر اور کچھ دستاویزات کے ساتھ پنکھوں میں بھی آگ لگ گئی اور انہیں نقصان پہنچا۔
جس دفتر میں یہ آگ لگی وہ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کا دفتر بتایا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق شارٹ سرکٹ کے باعث آگ پہلے اے سی میں لگی اور پھر آہستہ آہستہ پھیل گئی۔ جس وقت آتش زدگی کا یہ واقعہ پیش آیا مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ عمارت میں موجود نہیں تھے، لیکن کئی سینئر عہدیدار وہاں کام میں مصروف تھے۔ آگ لگنے کے بعد وہ فوراً وہاں سے نکل گئے۔