بھوپال، 15 اپریل: چیف الیکٹورل آفیسرمسٹر انوپم راجن نے کہا ہے کہ جن 6 پارلیمانی حلقوں میں پہلے مرحلے میں 19 اپریل کو ووٹنگ ہونی ہے، وہاں 99 فیصد سے زیادہ ووٹروں کو ووٹر سلپس تقسیم کر دی گئی ہیں۔ ووٹر سلپ میں کیو آر کوڈ بھی ہوتا ہے۔پہلے مرحلے میں 19 اپریل کو لوک سبھا کے پارلیمانی حلقوں سیدھی، شہڈول (ایس ٹی)، جبل پور، منڈلا (ایس ٹی)، بالاگھاٹ اور چھندواڑہ میں ووٹنگ ہوگی۔ یہاں کل ووٹرز ایک کروڑ 13 لاکھ 9 ہزار 638 ہیں۔ ان میں سے 1 کروڑ 12 لاکھ 18 ہزار 550 ووٹرز میں کیو آر کوڈ پر مشتمل ووٹر سلپس تقسیم کی گئی ہیں۔ ان 7 پارلیمانی حلقوں میں ووٹر سلپس کی تقسیم بھی شروع ہو گئی ہے جہاں دوسرے مرحلے میں ووٹنگ ہونی ہے۔ کیو آر کوڈ کے ساتھ ووٹر کی معلومات کی سلپس ریاست کے تمام ووٹروں کو تقسیم کی جا رہی ہیں۔ کیو آر کوڈ والی ووٹر انفارمیشن سلپ کے ذریعے ووٹر اپنے پولنگ اسٹیشن کا نام، نمبر، ریاست اور ضلع ہیلپ لائن نمبر جیسی اہم معلومات حاصل کر سکیں گے۔