بھوپال:14 ؍اپریل:راجدھانی بھوپال میں عیدالفطر گزرجانے کے بعد مسلسل عید ملن تقریب کااہتمام جاری ہے۔ اسی سلسلہ میں عید ملن کی ایک شاندار تقریب ساجد حسن کے دولت کدے پر منعقد کی گئی ۔ اس خوبصورت محفل کو رونق بخشی محترم سیف ملک صاحب ، محترمہ رئیسہ ملک صاحبہ ، محترم یوسف بھائی ، ڈاکٹر جاوید نعمانی ، ڈاکٹر احسان اعظمی ، ڈاکٹر نسیم ، ثروت زیدی ، جمال ناصر ، ڈاکٹر مبارک شاہین ، سہیل عمر ، عاصم حسین فاروقی ، شجاعت بھائی اور یہ نا چیز عظیم ’’اثر ‘‘۔اس خوشی کے موقع پر سبھی نے ایک دوسرے کے گلے لگ کر مبارکباد دیکر اپنی دعاؤں سے نوازا اور خوشگوار مستقبل کی تمنا کی ۔تقریب کے میزبان جناب ساجد حسن کی تجویز کے احترام میں رئیسہ ملک صاحبہ کی صدارت میں شعراء حضرات نے اپنے مختصر کلام سے محفل میں چار چاند لگا دئیے۔ شروعات عظیم اثر نے نعت پاک پیش کر کی ۔ نظامت کے فرائض سہیل عمر نے ادا کئے ۔اس موقع پر ساجد حسن نے مرحوم حامد حسن شاد ایوارڈ کے پروگرام کو نیشنل لیول کا پروگرام کرنے کی اپنی خواہش کا اظہار بھی کیا ۔ وہیںپر تکلف ناشتے کے بعد پرانے گانوں کا دور چلا اور کچھ شعراء نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے گلوکاری کے چھپے ہوئے فن کا بہترین مظاہرہ کر محفل کو خوشگوار بنادیا ۔ جلد ہی پھر ملنے کے وعدے پر محفل کا اختتام ہوا۔