کولکاتا:14؍اپریل :(ایجنسی )کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں پہلی بار لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کو شکست دے دی۔ 17ویں سیزن میں کولکتہ کی یہ چوتھی جیت ہے۔ سیزن کے 28ویں میچ میں کولکتہ نے اتوار کو لکھنؤ کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔
ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں کولکتہ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ لکھنؤ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے۔ جواب میں کولکتہ نے ہدف 15.4 اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کولکتہ کے لیے اوپنر فل سالٹ نے ناقابل شکست نصف سنچری (89 رنز) بنائی۔
ایل ایس جی کی جانب سے بائیں ہاتھ کے بلے باز نکولس پورن نے سب سے زیادہ رنز بنائے۔ انہوں نے 32 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کپتان کے ایل راہول نے 39 اور آیوش بدونی نے 29 رنز بنائے۔ کولکتہ کی جانب سے مچل اسٹارک نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ویبھو اروڑہ، آندرے رسل، ورون چکرورتی اور سنیل نارائن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کولکتہ کی جانب سے اوپنر فل سالٹ نے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 47 گیندوں پر 89 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کپتان شریاس ایر نے ناقابل شکست 38 رنز بنائے۔ سنیل نارائن نے 6 اور انگکرش رگھوونشی نے 7 رنز بنائے۔ لکھنؤ کی جانب سے محسن خان نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔