فیروزآباد:14اپریل(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع فیروزآباد کے تھانہ جسرانہ علاقے میں پولیس ٹیم نے ایک غیر قانونی اسلحہ فیکٹری پر چھاپہ مار کاروائی کرتے ہوئے بڑی تعداد میں بنے اور آدھے ادھورے بنے ہتھیار برآمد کئے ہیں۔ پولیس نے موقع سے دو لوگوں کو گرفتار بھی کیا۔ایس پی دیہات رن وجئے سنگھ نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ تھانہ جسرانہ علاقے کے گاؤں نگلا رام چوراہا کے نزدیک بند پڑے ہوئے اینٹ بھٹے غیر قانونی اسلحہ فیکٹری چلائے جانے کی جانکاری ملی تھی۔ سی او جسرانا اور تھانہ انچارج نے ہفتہ کی رات کو کاروائی کرتے ہوئے چھاپہ مار کر غیر قانونی اسلحہ فیکٹری کا انکشاف کیا ہے۔ موقع پر دو لوگ دویندر اور رام شنکر کو بھی گرفتار کیا۔ فیکٹری میں بنے ہوئے آٹھ اور آدھے ادھورے بنے ہوئے تین طمنچے برآمد کئے گئے ہیں اس کے علاوہ کثیر مقدار میں غیر قانونی ہتھیار بنانے کا سامان اور آلات بھی ضبط کئے گئے ساتھ ہی زندہ کارتوس بھی برآمد کئے گئے ہیں۔ فیکٹری‌‌ مالکین نے بتایا کہ لوک سبھا الیکشن میں غیر قانونی ہتھیاروں کے مطالبے کو دیکھتے ہوئے ان کے ذریعہ غیر قانونی ہتھیار تیار کیا جارہا تھا جو 05 سے 06ہزار روپئے تک فروخت ہوجاتے ہیں۔ کلید ملزم دویندر شاطر مجرم ہے۔ اس کے خلاف مختلف تھانوں میں 07مقدمے درج ہیں۔ وہ ضلع ایٹہ کی جیل میں بھی بند رہ چکا ہے۔ دونوں ملزمین کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔