ممبئی 14اپریل:باندرہ میں بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر چار راؤنڈ فائرنگ کی گئی ہے۔ یہ ہوائی فائرنگ صبح 4.50 بجے کے قریب دو نامعلوم افراد نے کی۔ دونوں حملہ آور موٹر سائیکل پر آئے اور چار راؤنڈ فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ فی الحال کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس نے سلمان خان کی رہائش گاہ پر سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔ اس فائرنگ کے بعد باندرہ پولیس کی ٹیم ممبئی کرائم برانچ کے ساتھ موقع پر پہنچی۔ اس کے علاوہ فورنسک ٹیم بھی تحقیقات کے لیے موقع پر پہنچ گئی ہے۔ پولیس نے گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر سڑک کے دونوں اطراف نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور تحقیقات کر رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ڈی سی پی بھی موقع پر پہنچ گئے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کئی بار سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دے چکے ہیں۔ حال ہی میں لارنس بشنوئی کے لوگوں نے اداکار و گلوکار گپی گریوال کی کینیڈا میں رہائش گاہ پر بھی حملہ کیا تھا۔ اس حملے کے بعد کہا گیا کہ ان کے سلمان خان سے قریبی تعلقات تھے، اس لیے یہ حملہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ سال 2023 میں بھی لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے سلمان کے دفتر کو دھمکی آمیز ای میل بھیجا گیا تھا۔ لارنس بشنوئی کی دھمکی کے بعد ممبئی پولیس نے سلمان خان کی سیکیورٹی بڑھا دی تھی۔ فی الحال سلمان کو وائی پلس سیکیورٹی دی گئی ہے۔
دراصل موہت گرگ کی آئی ڈی سے سلمان خان کے دفتر کو بھیجے گئے ای میل میں کہا گیا تھا کہ گولڈی بھائی (گولڈی برار) کو آپ کے باس سلمان خان سے بات کرنی ہے۔ لارنس بشنوئی کا انٹرویو تو آپ نے دیکھا ہی ہوگا، نہیں دیکھا تو بتائیں کہ دیکھ لیں۔ ’اگر تم معاملہ بند کرنا چاہتے ہو تو معاملہ ختم کرو۔ اگر آپ آمنے سامنے بات کرنا چاہتے ہیں تو مجھے بتائیں۔ اب ہم نے بروقت اطلاع دی ہے، اگلی بار صرف جھٹکا ہی نظر آئے گا۔‘ اس کے بعد سلمان خان کے منیجر پرشانت گنجالکر کی شکایت پر ممبئی پولیس نے گینگسٹرز گولڈی برار اور لارنس بشنوئی کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 120 (بی)، 34 اور 506 (2) کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔