پٹنہ، 04 جنوری (یو این آئی) بہار میں حکمراں جماعت جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی جنرل سکریٹری راجیو رنجن نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کے مضبوط اقتصادی پالیسیوں کے دعوے پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی اب تک کی تاریخ میں مودی حکومت نے صرف دس سالوں میں سب سے زیادہ 205 لاکھ کروڑ روپے کا قرض لیا ہے ۔ ملک میں بڑھتے ہوئے قرض کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر رنجن نے جمعرات کو اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا کہ موجودہ مرکزی حکومت نے قرض لے کر گھی پینے کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ قرض لینے والے وزیر اعظم بن گئے ہیں۔ ان کی مہربانی سے آج ملک میں پیدا ہونے والا بچہ بھی ایک کروڑ روپے سے زیادہ کے قرض کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ جے ڈی یو جنرل سکریٹری نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اپنی غلط اقتصادی پالیسیوں سے ملک کی معیشت کو کس طرح تباہ کیا ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آزادی کے بعد سے ملک کے 14 وزرائے اعظم نے مجموعی طور پر صرف 55 لاکھ کروڑ روپے کا قرض لیا تھا۔ لیکن، مودی حکومت نے صرف پچھلے 10 سالوں میں اسے تقریباً چار گنا بڑھا تے ہوئے 205 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا قرض لیاہے۔