شیوموگا: کرناٹک بی جے پی کے باغی لیڈر کے ایس ایشورپا نے جمعہ کو ہائی پروفائل شیوموگا لوک سبھا حلقہ انتخاب سے آزاد امیدوار کے طور پر پرچہ نامزدگی داخل کر دیا۔ آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق ایشورپا نے ہزاروں حامیوں کی موجودگی میں ایک جلوس کی شکل میں پہنچ کر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ بی جے پی کے اعتراض کے باوجود ایشورپا نے جلوس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے پوسٹر اور بینر کا استعمال کیا۔ ایشورپا نے کہا کہ انہوں نے ایک آزاد امیدوار کے طور پر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ شیوموگا لوک سبھا سیٹ کے تمام اسمبلی حلقوں میں تقریباً 15 ہزار سے 20 ہزار حامیوں نے ان کے ساتھ آ کر انہیں حمایت دی۔ ایشورپا نے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا اور ان کے بیٹے بیوائی وجیندر پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا، ’’آج سے ووٹنگ کے دن تک ہمارے کارکنان گھر گھر مہم چلائیں گے اور بتائیں گے کہ میرے جیسے وفادار بی جے پی کارکنان کے ساتھ ناانصافی کیوں کی گئی۔ وہ یہ بھی بتائیں گے کہ یہ پارٹی باپ اور بیٹے کی جوڑی میں پھنس گئی ہے۔‘‘ ایشورپا نے کہا، ’’مجھے پورا یقین ہے کہ شیوموگا کے ووٹر مجھے منتخب کریں گے۔ انتخاب کے بعد بی جے پی میں تبدیلی ہوگی اور صفائی کا عمل شروع ہوگا۔‘‘ خیال رہے کہ یدی یورپا کے بیٹے بیوائی راگھویندر شیوموگا سیٹ سے بی جے پی کے امیدوار ہیں۔ جبکہ کنڑ سپر اسٹار ڈاکٹر شیوراج کمار کی بیوی اور آنجہانی ایس بنگارپا کی بیٹی گیتا شیوراج کمار اس سیٹ سے کانگریس کی امیدوار ہیں۔ ہائی پروفائل سیٹ شیوموگا پر پہلے سخت مقابلہ تھا لیکن ایشورپا کے میدان میں اترنے سے یہ دلچسپ ہو گیا ہے اور اس صورت حال کا فائدہ کانگریس پارٹی کو ہو سکتا ہے۔