نئی دہلی، 4 جنوری (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اجودھیا میں شری رام مندر کو لے کر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے ایک لیڈر کے قابل اعتراض تبصرے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آج کہا کہ مسلمانوں کی خوشامد کی سیاست کرتے ہوئے رام مندر مخالف قوتیں ڈوبنے والی ہیں۔بی جے پی کے ترجمان ڈاکٹر سدھانشو ترویدی نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں این سی پی (شرد دھڑے) کے ایم ایل اے جتیندر آوہاڈ کی جانب سے بھگوان رام کو گوشت خوربتائے جانے کے بعد پیدا تنازعہ اور بعد میں معافی مانگنے کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ شری رام مندر پران پرتیشٹھا پرمثبت رویہ کے بجائے اپوزیشن کے لوگ آج بھی خلل پیدا کرنے کے طریقے ڈھونڈ کرخلل ڈال کر مطمئن ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رام راجیہ میں اور رام کے بھکتوں میں کوئی امتیاز یا عدم مساوات نہیں ہے، لیکن اپوزیشن لیڈروں کے ذہنوں میں عدم مساوات ہے اور اسی وجہ سے وہ وہی پرانے قابل اعتراض بہانوں پر قائم ہیں۔مسٹرترویدی نے رام مندر کے مخالفین کے بارے میں کہا کہ ملک کتنا بدل گیا ہے لیکن وہ اب بھی مسلمانوں کی خوشنودی کی کشتی پر سوار ہیں۔ یہ لوگ سمجھ ہی نہیں سکے کہ اس ملک کی زندگی کی توانائی کہاں ہے، اس زندگی اور توانائی کو نہ سمجھنے کی وجہ سے یہ لوگ سیاسی نقطہ نظر سے بے جان ہوتے چلے گئے۔اپوزیشن لیڈروں کی پالیسی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے غلام محمد قاصر کا ایک شعر پڑھا۔