سرینگر7اپریل: لوک سبھا انتخابات کے لیے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے وادی میں اپنے تین امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ڈی پی کی سربراہ اور ریاست کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اننت ناگ-راجوری سے الیکشن لڑیں گی جبکہ سری نگر سے پارٹی نے اپنے یوتھ ونگ کے لیڈر محمد وحید الرحمان پرہ اور بارہمولہ سے سابق راجیہ سبھا رکن فیاض احمد میر کو امیدوار بنایا ہے۔ پی ڈی پی پارلیمانی بورڈ کے سربراہ سرتاج مدنی نے کہا کہ پارٹی یوتھ ونگ کے صدر وحید الرحمان پرہ سری نگر سے اور راجیہ سبھا کے سابق رکن میر فیاض بارہمولہ سے الیکشن لڑیں گے۔ محبوبہ مفتی اور سرتاج مدنی نے پریس کانفرنس میں پارٹی کے امیدواروں کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی جموں خطہ کی 2 سیٹوں ادھم پور اور جموں پر کانگریس کی حمایت کرے گی۔ پریس کانفرنس کے دوران محبوبہ مفتی نے کہا کہ انہیں دکھ ہے کہ نیشنل کانفرنس نے ان سے کسی مشاورت کے بغیر اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ اس سے پی ڈی پی کارکن کافی مایوس ہیں۔ محبوبہ مفتی نے اننت ناگ اور راجوری پونچھ کے لوگوں سے کہا کہ وہ پی ڈی پی کو مضبوط کریں اور انہیں لوک سبھا میں جموں و کشمیر کے مسائل کو اٹھانے کا موقع دیں۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ ملک کی صورتحال سب کے سامنے عیاں ہے، آئین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں اور اقلیتوں کے ساتھ ظلم و جبر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کودیکھتے ہوئے ہی ہم نے انڈیا الائنس کے ساتھ جانے کافیصلہ لیاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری ذاتی خواہش تھی کہ ہم جموں وکشمیر میں متحدہ ہو کر الیکشن لڑیں اور اس ضمن میں ہم نے نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو مکمل اختیار دیا تھا۔ مگر فاروق عبداللہ نے ہم سے پوچھے بغیر ہی کشمیر کی تین پارلیمانی سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارنے کا اعلان کردیا۔