ترواننت پورم6اپریل:کیرالہ میں ماب لنچنگ کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک مہاجر مزدور کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔ معاملہ عشق و معاشقہ کا بتایا جا رہا ہے، حالانکہ اس سلسلے میں فی الحال کچھ بھی مصدقہ طور پر نہیں کہا جا رہا ہے۔ چونکہ مہلوک ایک مہاجر مزدور تھا، اس لیے پولیس نے فوری طور پر معاملہ درج کر لیا ہے اور ملزمین کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کیرالہ کے مواتوپوئزا میں دو دن قبل بھیڑ نے ایک مہاجر مزدور کی شدید پٹائی کر دی جس کی علاج کے دوران موت واقع ہو گئی۔ پولیس نے اس معاملے میں 10 ملزمین کو گرفتار کیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مہلوک کی شناخت 24 سالہ اشوک داس کی شکل میں ہوئی ہے۔ وہ اروناچل پردیش کا باشندہ تھا اور ملازمت کے لیے کیرالہ آیا تھا۔ وہ مواتوپوئزا کے قریب ولکم میں ایک کرایہ کے مکان میں رہتا تھا۔ پولیس نے جو ایف آئی آر درج کی ہے اس میں بتایا گیا ہے کہ اشوک داس کو کھمبے میں باندھ کر پیٹا گیا۔ وہ علاقے میں ہی رہنے والی ایک خاتون دوست سے ملنے گیا تھا۔ اس کے بعد مقامی لوگوں نے پہلے اس سے پوچھ تاچھ کی اور پھر کھمبے سے باندھ کر خوب پٹائی کی۔ بعد میں اسے قریب کے ایک سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ حالت بگڑنے کے بعد اسے کولین چیری میڈیکل کالج میں منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران اس نے دَم توڑ دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اشوک داس کی شدید پٹائی ہوئی تھی جس سے اس کو سنگین چوٹیں آئی تھیں۔ انہی چوٹوں کی وجہ سے اس کی موت ہوئی۔