گوہاٹی3جنوری: آسام کے ڈیرگاؤں میں بدھ (3 جنوری) کی صبح 45 افراد کو لے جانے والی بس اور ایک ٹرک کے درمیان زبردست تصادم ہوا۔ اس اندوہناک حادثے میں 14 افراد ہلاک اور 27 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور بس میں پھنسے افراد کو مقامی لوگوں کی مدد سے نکال کر مقامی ہسپتال پہنچایا گیا۔ ان میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثہ بدھ کی صبح تقریباً 5 بجے آسام کے گولاگھاٹ ضلع کے ڈیرگاؤں کے قریب پیش آیا۔ بس میں سوار تمام 45 افراد پکنک منانے جا رہے تھے۔ وہ تنسوکیا میں تلنگا مندر جا رہے تھے لیکن راستے میں ڈیرگاؤں میں بس سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ دونوں گاڑیوں کی رفتار بہت زیادہ تھی جس کے باعث بس کا اگلا حصہ بکھر گیا اور اندر بیٹھے 14 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ زور دار تصادم کے فوراً بعد مقامی لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی مقامی لوگوں نے ٹکر سے بس کے اندر لہولہان لوگوں کی چیخیں سن کر انہیں باہر نکالنا شروع کر دیا۔ پولیس ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی۔ اس کے بعد خون میں لت پت 41 لوگوں کو باہر نکال کر قریبی جورہاٹ میڈیکل کالج میں داخل کرایا گیا۔ یہاں ڈاکٹر نے 14 لوگوں کو مردہ قرار دیا، باقی 27 لوگوں کا علاج شروع کر دیا گیا۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ بس سے سفر کرنے والے لوگ علی الصبح 3 بجے روانہ ہوئے تھے۔ ڈیرگاؤں کے قریب جس ٹرک سے بس ٹکرائی وہ مارگریٹا سے آ رہا تھا اور اس میں کوئلہ لدا ہوا تھا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دہ ہیں۔ حادثے کے وقت شدید دھند چھائی ہوئی تھی۔