نئی دہلی 30مارچ:سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے ہفتہ کے روز موجودہ سیاسی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کو انکم ٹیکس محکمہ کا نوٹس بھیجا جانا سبھی سیاسی پارٹیوں اور عوام کے لیے بھی ایک تنبیہ ہے۔ اس سے پارٹیوں کو تباہ کرنے کی بی جے پی کی منشا کا پتہ چلتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ انکم ٹیکس محکمہ کے ذریعہ بھیجے گئے ایک نوٹس میں کانگریس پر 135 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں 29 مارچ کو انکم ٹیکس محکمہ نے ایک نیا نوٹس کانگریس کو بھیجا ہے جس میں 1823.08 کروڑ روپے کی ادائیگی کرنے کو کہا گیا ہے۔ اس معاملے میں چدمبرم نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ’’بی جے پی حکومت نے کانگریس پارٹی پر 135 کروڑ روپے کا جرمانہ لگایا، جبکہ بھگوا پارٹی نے الیکٹورل بانڈ کے ذریعہ سے 8250 کروڑ روپے حاصل کیے ہیں۔ یہ سیاسی پارٹیوں اور لوگوں کے لیے ایک تنبیہ ہے کہ بی جے پی سبھی پارٹیوں کو تباہ کرنا چاہتی ہے۔‘‘ چدمبرم کا کہنا ہے کہ اس قدم سے بی جے پی کی خود کو ملک میں واحد پارٹی بنانے کی خواہش پوری ہونے کی امید بندھ گئی ہے۔ سینئر کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’اس کا (بی جے پی کا) ’ایک ملک، ایک انتخاب‘ کا ایجنڈا کچھ اور نہیں، بلکہ ’ایک ملک، ایک پارٹی‘ ہے۔ یہ تنبیہ سبھی کے لیے ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو جلد ہی اس کا احساس بھی ہو جائے گا۔