نئی دہلی 27مارچ: دہلی آبکاری گھوٹالہ معاملہ میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو دہلی ہائی کورٹ سے فوری راحت نہیں مل پائی ہے۔ عدالت نے کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف ای ڈی کو جواب داخل کرنے کے لیے 2 اپریل تک کا وقت دے دیا ہے اور اس معاملے آئندہ سماعت کے لیے 3 اپریل کی تاریخ مقرر کی ہے۔ یعنی کیجریوال کو 3 اپریل تک ہائی کورٹ سے کوئی راحت ملتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ آج صبح دہلی ہائی کورٹ میں کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف داخل عرضی پر سماعت ہوئی اور دونوں فریقین کے وکلاء نے اپنی اپنی طرف سے دلیلیں پیش کیں۔ آج کی سماعت ختم ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا اور کچھ گھنٹے بعد فیصلہ سنانے کی خبریں سامنے آئیں۔ اب عدالت نے جو حکم جاری کیا ہے اس کے مطابق ای ڈی کو 2 اپریل تک اس معاملے میں اپنا جواب داخل کرنا ہے اور پھر 3 اپریل کو اس معاملے میں آگے کی سماعت ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال کو ای ڈی نے تقریباً دو گھنٹے کی پوچھ تاچھ کے بعد 21 مارچ کی شب ان کی سرکاری رہائش سے گرفتار کیا تھا۔