میرپور، 24 مارچ (یو این آئی) سوفی مولینیو کی شاندار گیند بازی کے بعد آسٹریلیا کی خواتین ٹیم نے ایلس پیری کی 35 ناٹ آوٹ رنز کی شاندار اننگز کی بدولت اتوار کو کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم کو 157 گیندیں باقی رہتے چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ 98 رنز کے چھوٹے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی شروعات اچھی نہیں رہی اور پانچویں اوور میں ہی اوپننگ بلے باز فوبی لیچ فیلڈ پانچ رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئیں۔ اس کے بعد کپتان الیسا ہیلی 15 رنز بنا کر پویلین چلی گئیں۔ بیتھ مونی آٹھ رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ تالیا میک گرا 10 رنز پر رن ​​آؤٹ ہوئیں۔ ایلیس پیری 35 ناٹ آؤٹ اور ایشلے گارڈنر ( ناٹ آؤٹ 20 رن)نے احتیاط سے کھیلا اور 23.5 اوورز میں چار وکٹوں پر 98 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو جیت دلائی۔بنگلہ دیش کی جانب سے سلطانہ خاتون اور رابعہ خان نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل آج بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لئے اتری نگلہ دیش کی ٹیم کا آغاز انتہائی خراب رہا اور 27 کے سکور پر اس کی چار وکٹیں گر گئیں۔ اس کی ابتدائی بلے باز فرزانہ حق سات رنز ، شوبنا مستاری تین رنز بناکر پویلین لوٹ گئیں۔ اس کے بعد مرشدہ خاتون پانچ رنز ، کپتان نگار سلطانہ ایک رن ، فہیمہ خاتون 11 رنز، ریتو مونی 10 رنز ، شورنا اختر دو رن، رابعہ خان تین رن، سلطانہ خاتون پانچ رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ٹیم کی جانب سے ناہیدہ اختر نے سب سے زیادہ 22 رنز بنائے۔ وہ الانا کنگ کے اوور میں سدرلینڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئیں۔ معروفہ اختر آٹھ رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔
بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 44.1 اوورز میں 97 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔