نئی دہلی 21مارچ: لوک سبھا انتخاب کو لے کر جاری سرگرمیوں کے درمیان کانگریس نے مختلف ریاستوں میں پارلیمانی سیٹوں کے لیے اپنے امیدواروں کی تازہ فہرست جاری کر دی ہے۔ کانگریس کی اس تیسری فہرست میں اروناچل پردیش، گجرات، کرناٹک، مہاراشٹر، راجستھان، تلنگانہ، مغربی بنگال اور پڈوچیری کی مجموعی طور پر 57 سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ کانگریس نے جو فہرست جاری کی ہے اس کے مطابق اروناچل پردیش کی 2، گجرات کی 11، کرناٹک کی 17، مہاراشٹر کی 7، راجستھان کی 6، تلنگانہ کی 5، مغربی بنگال کی 8 اور پڈوچیری کی 1 سیٹ شامل ہے۔ پارٹی نے اروناچل پردیش ویسٹ سیٹ سے نابام تکی اور اروناچل پردیش ایسٹ سیٹ سے بوسی رام سیرم کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ پڈوچیری سیٹ سے ویتھی لنگم کو موقع دیا گیا ہے۔ اگر کچھ اہم سیٹوں پر نظر ڈالیں تو کانگریس نے گجرات کی گاندھی نگر سیٹ سے امت شاہ کے سامنے سونل پٹیل کو ٹکٹ دیا ہے، جبکہ کرناٹک کی گلبرگہ سیٹ سے ملکارجن کھڑگے کے داماد رادھا کرشن کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ مغربی بنگال کی بہرام پور سیٹ سے ادھیر رنجن چودھری کو اور کولکاتا شمال سے پردیپ بھٹاچاریہ کو موقع دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر کانگریس اس سے قبل امیدواروں کی دو فہرست جاری کر چکی ہے۔ پہلی فہرست میں 39 اور دوسری فہرست میں 43 امیدواروں کا اعلان کیا گیا تھا۔ اب تیسری فہرست جاری ہونے کے بعد مجموعی طور پر 139 امیدواروں کے نام سامنے آ گئے ہیں۔