کیجریوال کی گرفتاری غیر آئینی: پرینکا
نئی دہلی، 21 مارچ (یو این آئی) کانگریس کی سینئر لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کو غیر آئینی اور غلط قرار دیا ہے۔جمعرات کی شام دیر گئے سوشل میڈیا پر جاری ایک پوسٹ میں مسز واڈرا نے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو انتخابات کی وجہ سے اس طرح نشانہ بنانا مکمل طور پر غلط اور غیر آئینی ہے۔کانگریس لیڈر نے کہا، “اس طریقے سے سیاست کی سطح کو کم کرنا نہ تو وزیر اعظم اور نہ ہی ان کی حکومت کو زیب دیتاہے۔ انتخابی میدان میں اپنے حریف کا مقابلہ کریں، ان کا محنت سے مقابلہ کریں، اور یقیناً ان کی پالیسیوں اور کام کرنے کے انداز پر حملہ کریئے۔ یہی جمہوریت ہے۔”محترمہ واڈرا نے کہا کہ ملک کے تمام اداروں کی طاقت کو اپنے سیاسی مقصد کی تکمیل کے لیے استعمال کرنا اور دباؤ ڈال کر انہیں کمزور کرنا جمہوریت کے ہر اصول کے خلاف ہے۔