نئی دہلی، 21 مارچ (یو این آئی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو ایکسائز پالیسی میں مبینہ گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ پہلو کی تحقیقات کے سلسلے میں جمعرات کی رات انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے گرفتار کر لیا۔ عام آدمی پارٹی کے کنوینر مسٹر کیجریوال کو ای ڈی حکام کی طرف سے دو گھنٹے تک پوچھ گچھ کے بعد ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر لیا گیا۔ مسٹر کیجریوال کی گرفتاری کے بعد ان کی قانونی ٹیم اپیل کرنے سپریم کورٹ پہنچی تھی۔ اس سے پہلے دن میں، دہلی ہائی کورٹ نے مسٹر کیجریوال کی گرفتاری سےبچنے کی عرضی کو مسترد کر دیا تھا۔ا س سے پہلے دن میں دہلی ہائی کورٹ کے ذریعہ مسٹر کیجریوال کو ایکسائز پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں ای ڈی کے ذریعہ گرفتار کئے جانے کے خلاف انہیں عبوری تحفظ فراہم کرنے کی آپ کے کوآرڈینیٹرکی طرف سے دائر عرضی کو نامنظور کئے جانے کے بعد ای ڈی کی ٹیم ان کی رہائش گاہ پر پہنچی۔ اس سے پہلے ای ڈی کے ذریعہ وزیراعلیٰ کو 9 مرتبہ سمن دیئے گئے تھے لیکن وہ کسی بھی سمن پر جانچ ایجنسی کے سامنے حاضر نہیں ہوئے تھے۔ای ڈی کی ٹیم کسی بھی باہری شخص کو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہی تھی۔
دہلی کے کابینہ وزیر سوربھ بھاردواج نے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہر نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہاں ای ڈی کا چھاپہ مارا گیا ہے۔ پولیس کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دے رہی۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعلی اروند کیجریوال کو گرفتار کرنے کی پوری تیاریاں ہیں۔ وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہرعام آدمی پارٹی کے لیڈروں نے کہا کہ چھ سے آٹھ افسران کی ایک ٹیم وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ کے اندر گئی ہے۔دریں اثنا، پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے کہا، “بی جے پی کی سیاسی ٹیم (ای ڈی) کیجریوال کی سوچ کو قید نہیں کر سکتی.کیونکہ ’ آپ ‘ ہی بی جے پی کو روک سکتی ہے۔ سوچ کو کبھی دبایا نہیں جا سکتا۔”دہلی میں آپ کے وزیر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ بی جے پی کے مظالم آج پورے ملک کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ای ڈی کی ٹیم نے مسٹر کیجریوال کا فون ضبط کر لیا ہے اور اس معاملے میں ان سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہر پولیس اور کوئیک ایکشن فورس کے اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے اور آپ کارکنان بھی وہاں جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔