بھوپال، 18 مارچ (رپورٹر) ریاستی تنظیم میں تبدیلی کے بعد کانگریس اب لوک سبھا انتخابات میں نئے چہروں پر دائو لگانے کی تیاری کر رہی ہے۔ جس طرح ٹیکم گڑھ سے پنکج اہیروار، دھار سے رادھے شیام موویل اور کھرگون سے پورلال کھرتے کو 10 سیٹوں کی پہلی فہرست میں امیدوار بنایا گیا تھا، اسی طرح دیگر سیٹوں پر بھی نئے چہروں کو میدان میں اتارنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں ریاستی کانگریس صدر جیتو پٹواری، ریاستی انچارج جتیندر سنگھ، اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار اور سینئر لیڈروں نے امیدواروں کے انتخاب کے بارے میں بات چیت کی ہے۔ ہر سیٹ کے لیے ایک نام مرکزی الیکشن کمیٹی کو تجویز کیا جائے گا تاکہ منگل کو دہلی میں ہونے والی میٹنگ میں امیدواروں کو حتمی شکل دے کر اعلان کیا جا سکے۔
کانگریس نے ریاست کی 20 میں سے 10 لوک سبھا سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ ان میں بھنڈ سے پھول سنگھ بریا اور دیواس سے راجندر مالویہ کو چھوڑ کر باقی امیدواروں کی عمر 50 سال یا اس سے کم ہے۔ ان میں سے تین ایم ایل اے (ستنا سے سدھارتھ کشواہا، منڈلا سے اومکار سنگھ مرکام اور بھنڈ سے پھول سنگھ بریا) اور سیدھی سے سابق ایم ایل اے کملیشور پٹیل کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ بیتول سے ایک بار پھر رامو ٹیکم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
معاہدے میں کانگریس نے کھجوراہو سیٹ سماج وادی پارٹی کو دی ہے۔ بقیہ 18 لوک سبھا سیٹوں کے لیے جن ناموں پر غور کیا گیا ہے ان میں سے زیادہ تر پہلی بار لوک سبھا الیکشن لڑیں گے۔ کچھ ایم ایل اے اور سابق ایم ایل اے پر بھی داؤ لگایا جا سکتا ہے۔ اندور، بھوپال اور جبل پور میں نیا چہرہ دینے کی تیاری کی گئی ہے تو راج گڑھ اور رتلام سے سابق ایم ایل اے الیکشن لڑ سکتے ہیں۔