بھوپال 2 جنوری ۔مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی نئی حکومت کے سربراہ ڈاکٹر موہن یادو ایک نئے انداز میں ہیں، ان کے فیصلے اور اقدامات خبروں میں ہیں۔ اب وہ بھوپال کے باہر جبل پور میں کابینہ کی پہلی میٹنگ کرنے جا رہے ہیں۔ حکومت کے قیام کے بعد سے ریاست میں تبدیلیاں واضح طور پر نظر آرہی ہیں۔ جہاں نت نئے تجربات کیے جا رہے ہیں وہیں انتظامی مشینری کی جانب سے سخت فیصلوں کے ذریعے عوام الناس کو پیغام دینے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔
مدھیہ پردیش کی کابینہ کی پہلی میٹنگ بدھ 3 جنوری کو جبل پور میں ہونے جا رہی ہے، جو مہا کوشل علاقے کا مرکز ہے۔ اس میٹنگ میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو سمیت مدھیہ پردیش کی پوری کابینہ موجود رہے گی۔ سی ایم یادو کے جبل پور کے ایک روزہ دورے اور کابینہ کی پہلی میٹنگ سے انتظامی اور سیاسی دونوں طرح کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ سیاسی پنڈتوں کا ماننا ہے کہ ویرنگنا رانی درگا وتی کو وقف جبل پور میں ہونے والی اس کابینہ میٹنگ کے ذریعے پارٹی مدھیہ پردیش میں لوک سبھا انتخابی مہم شروع کرنے جا رہی ہے۔