ممبئی 18مارچ:مرکز کی مودی حکومت کی پالیسیوں اور بی جے پی لیڈران کے بیانات کو اکثر تنقید کا نشانہ بنانے والے جنوبی ہند کے مشہور اداکار پرکاش راج نے ایک بار پھر بی جے پی پر حملہ کیا ہے۔ انھوں نے حالانکہ بی جے پی کا نام تو نہیں لیا ہے لیکن طنزیہ انداز میں ایک بیان ضرور دیا ہے جس میں کہا ہے کہ ’’جن لوگوں نے 420 (فراڈ) کا کام کیا ہے، وہ آج آئندہ لوک سبھا انتخاب میں 400 سیٹیں جیتنے کی بات کر رہے ہیں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے سرکردہ لیڈران کی طرف سے لگاتار ’ابکی بار، 400 پار‘ کا نعرہ بلند کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی اس نعرہ کے ذریعہ دعویٰ کر رہی ہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخاب میں این ڈی اے کو 400 سے زیادہ سیٹیں حاصل ہوں گی۔ ساتھ ہی بی جے پی کو کم از کم 370 سیٹیں ملنے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے۔ انہی دعووں کا پرکاش راج نے مذاق اڑایا ہے۔ پرکاش راج نے کرناٹک کے چکمنگلور پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے 17 مارچ کو مذکورہ بالا بیان دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’420 کرنے والے ہی 400 سیٹیں لانے کی بات کریں گے۔ چاہے کوئی بھی پارٹی ہو، کانگریس ہو یا کوئی دیگر پارٹی، یہ دعویٰ کرتی ہے تو یہ آپ کے تکبر کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘ وزیر اعظم مودی کے ذریعہ این ڈی اے کے 400 سیٹیں جیتنے کے دعوے پر اداکار نے کہا کہ ’’اس بات کا کوئی امکان نہیں ہے کہ جمہوریت میں کوئی ایک پارٹی 400 یا اس سے زیادہ سیٹیں جیت سکے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’آپ کوئی سیٹ تبھی جیت سکتے ہیں جب عوام آپ کو وہ سیٹ دے رہی ہو۔ کوئی بھی سیاسی پارٹی یہ دعویٰ نہیں کر سکتی کہ وہ آگے آ کر سیٹیں جیت سکتی ہے۔ اسے تکبر ہی کہا جائے گا۔‘