بھوپال،2جنوری۔ نرمداپورم روڈ پر ایک تیز رفتار بائک بے قابو ہو کر بی آر ٹی ایس کوریڈور کی ریلنگ سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں بائیک سوار لڑکی کی موت ہو گئی۔ وہ ایک دوست کے ساتھ نیو ایئر پارٹی سے گھر واپس آرہی تھی۔ پولیس نے کیس قائم کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ مسرود تھانہ پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل دیپک کمار کے مطابق پریم نگر نریاکھیڑا کی رہنے والی انامیکا کاکوڈیا (19) پیر کی صبح تقریباً 4.15 بجے اپنے دوست امیش تیواری کے ساتھ بائک پر منڈی دیپ سے گھر لوٹ رہی تھی۔ یہ دونوں نرمدا پورم روڈ پر بی آر ٹی ایس کاریڈور کے قریب پہنچے تو ان کی بائک بے قابو ہوگئی اور اس کی وجہ سے بائک کے پیچھے بیٹھی انامیکا اچھل کر کوریڈور کی لوہے کی ریلنگ سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں لڑکی کے سر پر شدید چوٹ آئی۔ اسے خون بہہ جانے کی حالت میں جئے پرکاش اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے جانچ کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔ جبکہ اس کے ساتھی نوجوان کو حادثے میں معمولی چوٹیں آئیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ موٹر سائیکل کی رفتار بہت زیادہ تھی جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔دن کے مقابلے میں رات کے وقت بی آر ٹی ایس کوریڈور میں زیادہ گاڑیاں تیز رفتاری سے چلتی نظر آتی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ بائک کے بے قابو ہونے کی وجہ کوریڈور میں چلتی ایک کار تھی۔ کار سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے موٹر سائیکل بے قابو ہو گئی۔ پولیس جائے وقوعہ کے آس پاس نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کو اسکین کر رہی ہے تاکہ پورے واقعہ کا پتہ چل سکے۔