کوزی کوڈ، 17 مارچ (یو این آئی) کانگریس کی قیادت والی یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کی اہم اتحادی انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) اور سمستھا کیرالہ سنی اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ایس کے ایس ایس ایف) جیسی چند دیگر مسلم تنظیموں نے الیکشن کمیشن (ای سی) سے کیرالہ اور تمل ناڈو میں دوسرے مرحلے میں 26 اپریل کو اعلان کردہ پولنگ کے دن کو ملتوی کرنے کی اپیل کی ہے کیوں کہ 26 اپریل جمعہ کا دن ہے اور مسلم کمیونٹی اسے مقدس دن سمجھتی ہے۔ مسلم تنظیموں نے مشترکہ طور پر 26 اپریل (جمعہ) کو کیرالہ اور تملناڈو میں لوک سبھا انتخابات کے انعقاد پر اعتراضات اور خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے اجتماعی طورپر نماز ادا کرنے والوں کو تکلیف پہنچے گی جن میں مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے تعینات پولنگ اہلکار، ووٹرز یا سیاسی جماعتوں کے بوتھ ایجنٹس شامل ہیں۔ آئی یو ایم ایل کے جنرل سکریٹری پی ایم اے سلام نے کہا کہ “اسلام میں جمعہ کے دن کو (جماعت کے دن) کے طور پر منایا جاتا ہے، اس لیے مسلمان لوگ نماز ادا کرنے کے لیے مساجد میں جمع ہوتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے کیرالہ اور تملناڈو کے لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کے شیڈول کے مطابق اس دن جمعہ ہے، یہ مسلم ووٹروں کے ساتھ ساتھ اس مذہب سے تعلق رکھنے والے پولنگ اہلکاروں کے لیے بھی تکلیف دہ ہوگا۔