چنڈی گڈھ 17مارچ: پنجاب میں آئے دن پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان مقابلے کی خبریں آتی رہتی ہیں۔ ایسی ہی ایک خبر اتوار (17مارچ) کو سامنے آئی ہے۔ پنجاب پولیس کی اسپیشل ٹیم سی آئی اے ہوشیار پور ضلع میں غیر قانونی اسلحہ ہونے کی اطلاع ملنے پر چھاپہ مارنے پہنچی تھی، مگر اسی دوران گینگسٹرس نے فائرنگ کرنی شروع کردی جس میں ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق پنجاب پولیس کی خصوصی ٹیم سی آئی اے کو اطلاع ملی تھی کہ ہوشیار پور کے گاؤں مکیریاں میں رانا منصور پور نامی شخص کے پاس غیر قانونی اسلحہ موجود ہے جس کے بعد ٹیم چھاپہ مارنے جب مکیران پہنچی تو وہاں پر جرائم پیشہ افراد کی جانب سے فائرنگ شروع کر دی گئی۔ اس فائرنگ کے جواب میں پولیس کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے اس تبادلے میں سی آئی اے کے ایک اہلکار کے سینے میں گولی لگ گئی، جس کے بعد اسے فوری طور پر ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی پولیس کے سربراہان اس گاؤں کی جانب روانہ ہوگئے۔ پنجاب پولیس کے چھاپے کی ایک چھوٹی سی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کراس فائرنگ کے بعد پنجاب پولیس کی اسپیشل ٹیم کے جوان دوڑ رہے ہیں اور آس پاس کے علاقے کو سی آئی اے کی ٹیم نے گھیرے میں لے رکھا ہے۔