نئی دہلی 15مارچ: بی جے پی لیڈر اور ٹک ٹاک اسٹار سونالی پھوگاٹ کی بہن روکیش پونیا بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوگئی ہیں۔ بی جے پی چھوڑنے کے بعد انہوں نے کانگریس اور اس کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسانوں کے اور خواتین کے احترام کے مسئلے پر بی جے پی چھوڑ رہی ہیں کیونکہ بی جے پی ایسی پارٹی ہے جو کہتی کچھ ہے اور کرتی کچھ ہے۔ کانگریس میں شامل ہونےکے بعد روکیش پونیا نے کہا کہ میں ایم پی دیپیندر ہڈا کی قیادت میں کام کروں گی اور اگر پارٹی نے مجھے موقع دیا تو میں آدم پور سیٹ سے الیکشن لڑوں گی کیونکہ یہاں کے ایم ایل اے نے یہاں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں کیا ہے۔ روکیش پونیا نے کہا کہ وہ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کی پالیسیوں سے بہت متاثر ہیں۔
بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے روکیش پونیا نے کہا کہ بی جے پی کہتی ہے کہ وہ خواتین کا احترام کرتی ہے لیکن بی جے پی ہمارے لیے اعزاز و میڈل جیتنے والی خواتین کا احترام نہیں کرتی۔ انہیں ان کے حقوق نہیں مل رہے، عزت نہیں مل رہی۔ روکیش پونیا نے کہا کہ پورے ملک کا پیٹ پالنے والے کسانوں کو حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے سڑکوں پر بیٹھنا پڑا رہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا کسی کو اپنا حق مانگنا جرم ہے؟ پھر کیوں کسانوں کو ان کا حق کیوں نہیں دیا جا رہا؟ انہوں نے کہا کہ ان تمام وجوہات کی بنا پر انہوں نے بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ ابھی چند روز قبل ہی حصار کے بی جے پی ایم پی بریجندر سنگھ بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔