ملاپورم، 14 مارچ (یو این آئی) کیرالہ کے ملاپورم میں ایک کلب میچ کے دوران افریقی فٹ بال کھلاڑیوں اور تماشائیوں کے درمیان مارپیٹ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔آئیوری کوسٹ کے فٹ بال کھلاڑی دیاراسوبا حسن کو ایری کوڈ کے اسٹیڈیم میں میچ کے دوران شائقین نے دوڑا دوڑا کر پیٹا۔ فٹبالر نے الزام لگایا ہے کہ تماشائیوں نے ان پر نسلی تبصرے کیے۔ تماشائیوں کا کہنا ہے کہ کھلاڑی نے ایک شخص کو لات ماری تھی جس سے ہجوم کا غصہ بھڑک اٹھا تھا۔ اس وجہ سے تمام تماشائیوں نے کھلاڑی کی پٹائی کی۔ کھلاڑی نے ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو شکایت درج کرائی ہے۔ پولس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فٹ بال کھلاڑی کو تماشائیوں کی طرف سے تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔افریقی کھلاڑی مقامی کلب نوالا پوکولاتھر کے لیے کھیل رہے ہیں۔