بھوپال، 13 مارچ (رپورٹر) بھارتیہ جنتا پارٹی نے بدھ کو 72 امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔ اس میں مدھیہ پردیش کی وہ پانچ سیٹوں کے امیدوار بھی شامل ہیں جن پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔ پارٹی نے ایک بار پھر اجین اور اندور کے موجودہ ممبران پارلیمنٹ یعنی انیل فیروزیہ اور شنکر لالوانی کو ٹکٹ دیا ہے۔وہیں دھار سے چھتر سنگھ دربار کا ٹکٹ کاٹ کر ساوتری ٹھاکر کو، بالاگھاٹ سے ڈھال سنگھ بسن کا ٹکٹ کاٹ کر ڈاکٹر بھارتی پاردھی کو ٹکٹ دیا ہے۔ چھندواڑہ میں کمل ناتھ سے اسمبلی الیکشن ہارنے والے وویک بنٹی ساہو کو لوک سبھا انتخابات میں ان کے بیٹے نکول ناتھ کے خلاف میدان میں اتارا ہے۔
2019 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے مدھیہ پردیش میں 29 میں سے 28 سیٹیں جیتی تھیں۔ نکول ناتھ کانگریس کے لیے صرف چھندواڑہ سیٹ جیتنے میں کامیاب رہے تھے۔ اس بار بھی نکول ناتھ میدان میں ہیں، جنہیں وویک بنٹی ساہو چیلنج کریں گے۔ کانگریس کی بات کریں تو اس کی فہرست میں صرف دس ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بی جے پی نے اب تک تمام 29 سیٹوں کے لیے امیدواروں کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بی جے پی نے اسمبلی انتخابات میں سات ممبران پارلیمنٹ کو میدان میں اتارا تھا۔ ان میں سے پانچ نے الیکشن جیتا اور اب انہیں ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے۔