بھوپال :13؍مارچ (پریس ریلیز)بھوپال کی مشہور تعلیمی درسگاہ ایل این سی ٹی کے زیر اہتمام ٹیکنو کلچرل فیسٹ دو ہزار چوبیس کا انعقاد کیا گیا ۔تین روزہ پروگرام میں طلباء کی صلاحیت کو منظر عام پر لانے کے لیے ہر سال کی طرح امسال بھی کلچرل پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ٹکنو کلچرل فیسٹ کے عنوان سے منعقدہ پروگرم میں طلباء نے اوپن مائک ، گیت ، سنگیت ،موسیقی اور صوفیانہ محفل کے ذریعہ اپنے فن کے جوہر دکھائے ۔پروگرام میں ایل این سی ٹی یونیورسٹی کے علاوہ بھوپال کے دوسرے کالجوں کے طلباء نے شرکت کی اور اپنے فن کے بہترین جوہر سے سامعین کو محظوظ کیا ۔ٹیکنو کلچرل پروگرام میں بہترین فن کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو اول ،دوئم اور سوئم انعام سے نوازہ گیا ۔پروگرام میں یو نیورسٹی وائس چانسلر ڈاکٹر این کے ٹھاپک ،رجسٹرار ڈاکٹر این کے سونی ،ایس او جی ایم سی کی صدر ڈاکٹر انو شریواستو خصوصی طور پر موجود رہے ۔ایل این سی ٹی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر این اے تھاپک نے ممتاز صحافی و ادیب ڈاکٹر مہتاب عالم کا دستار بندی کر کے روایتی انداز میں استقبال کیا اور یونیورسٹی ٹیکنو کلچرل فیسٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ایس او جی ایم سی کی صدر ڈاکٹر انو شریواستو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام کے انعقاد سے طلباء کی صلاحیت منظر عام پر آتی ہیں اور یونیورسٹی کا مقصد طلباء کی ہمہ جہت صلاحیت کو نکھارنا ہے ۔وہیں ممتاز محقق ،شاعر ،ادیب و بے بدل صحافی ڈاکٹر مہتاب عالم نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آکر اور طلباء کی صلاحیت دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ۔ہمارے طلباء اپنے ملک کی زبان ،تہذیب اور کلچرل انٹیگریشن کو لےکر بہت سنجیدہ ہیں ۔انہوں نے مختلف موضوعات پر جس طرح سے اپنی کہانی ،غزل ،نظم پیش کی اور موسیقی پر جس طرح کا انہوں نے ہنر پیش کیا اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے ۔اس وقت دنیا کو محبت کی ضرورت ہے اور طلباء اس میدان میں اپنے فن کے جوہر سے دنیا کی رہبری کرینگے ۔