نئی دہلی 13مارچ:لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر بی جے پی نے آج اپنی دوسری فہرست جاری کر دی۔ اس فہرست میں 72 امیدواروں کے نام شامل کیے گئے ہیں جن میں نتن گڈکری، پیوش گویل اور انوراگ ٹھاکر سمیت کئی وزراء کے نام شامل ہیں۔ ایک دن قبل ہریانہ کے وزیر اعلیٰ کی کرسی چھوڑنے والے منوہر لال کھٹر کا نام بھی اس فہرست میں شامل ہے۔ انھیں کرنال سے انتخابی میدان میں اتارا گیا ہے۔ بی جے پی کی دوسری فہرست میں دہلی کی دو لوک سبھا سیٹ کے لیے بھی امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ دہلی میں لوک سبھا کی 7 نشستیں ہیں جن میں سے 5 نشستوں کے لیے امیدواروں کا اعلان بی جے پی نے پہلی فہرست میں ہی کر دیا تھا۔
تازہ فہرست میں جن دو لوک سبھا سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان ہوا ہے وہ مشرقی دہلی اور شمال مغربی دہلی ہے۔ مشرقی دہلی سے ہرش ملہوترا کو اور شمال مغربی دہلی سے یوگیندر چنڈولیا کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ دیگر علاقوں کی بات کریں تو دادر و نگر حویلی کی 1، گجرات کی 7، ہریانہ کی 6، ہماچل پردیش کی 2، کرناٹک کی 20، مدھیہ پردیش کی 5، مہاراشٹر کی 20، تلنگانہ کی 6، تریپورہ کی 1 اور اتراکھنڈ کی 2 لوک سبھا سیٹ کے لیے امیدوار اتارے گئے ہیں۔ بی جے پی کی دوسری فہرست میں 14 خاتون امیدواروں کے نام شامل ہیں۔ اس سے قبل بی جے پی نے 2 مارچ کو اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی تھی۔ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ونود تاؤڑے نے تب 16 ریاستوں اور 2 مرکز کے زیر انتظام خطوں کی 195 سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کیا تھا۔ بی جے پی کی دوسری فہرست جاری ہوگئی ہے۔